کل 648 طالبات کو ڈگریاں،. 22 طالبات نے گولڈ میڈل حاصل کیا
پرنسپل ڈاکٹر شاہین، مس وجیہہ، ڈاکٹر سمیرا ، ڈاکٹر عارفہ نے عمدہ انتظامات کیے
لاہور(خصوصی رپورٹ)گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سمن آباد لاہور کا چھبیسواں سالانہ کانووکیشن2024 11 دسمبر 2024 کو گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین سمن آباد لاہور میں چھبیسویں کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا. پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کی زیر نگرانی وائس پرنسپل مس وجیہہ مریم ، انچارج کانووکیشن پروفیسر ڈاکٹر سمیرا مختار،پروفیسر ڈاکٹر عارفہ زریں اور کنٹرولر امتحانات مسز بشریٰ پروین نے نہایت عمدہ طریقے سے تمام انتظامات کیے.کانووکیشن میں بی ایس سیشن 2023-2019 کی کل 648 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں. 22 طالبات نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ 29 طالبات کو رول آف آنر سے نوازا گیا. آرٹس کے مضامین میں 328 طالبات کو جبکہ سائنس کے مضامین میں 320 طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ کانووکیشن دو سیشنز پر مشتمل تھا پہلے سیشن میں آرٹس جبکہ دوسرے سیشن میں سائنس کے مضامین میں بی ایس کرنے والی طالبات کو ڈگریاں دی گئیں۔ پہلے سیشن میں مہمان خصوصی ڈی پی آئی کالجز پروفیسر ڈاکٹر انصر اظہر نے تقریب کی صدارت کی. ان کے ہمراہ ڈائریکٹر کالجز پنجاب پروفیسر احسن مختار ملک نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی.پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کے ہمراہ جناب پروفیسر ڈاکٹر سید انصر اظہر، جناب احسن مختار ملک،وائس پرنسپل مس وجیہہ مریم، پروفیسر ڈاکٹر صائمہ شریف اور کنٹرولر امتحانات مسز بشریٰ پروین نے اسٹیج کو رونق بخشی.نظامت کے فرائض شعبہ انگریزی کی مسز فاطمہ ساجد چوہان اور مسز فرحت خانم نے ادا کیے.پروقار پروسیشن کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرا?ن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وا?لہ وسلم سے ہوا۔ اس کے بعد موسیقی کی دھن پر قومی ترانہ پڑھا گیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی نے سپاس نامے میں کالج کی شاندار روایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ67 سال قبل محدود وسائل کے ساتھ شروع ہونے والا یہ ادارہ آج لاہور کے تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام رکھتا ہے. چھے ہزار سے زائد طالبات کی ذہنی، فکری، علمی، جسمانی اور اخلاقی تربیت کے لیے 200 سے زائد اعلیٰ تعلیم یافتہ اور انتہائی قابل اساتذہ ہمہ تن مصروف عمل ہیں. اس ادارے میں 19 مضامین میں بی ایس آنرز کروایا جا رہا ہے. جن میں آرٹس کے 15 اور سائنس کے 4 شعبہ جات شامل ہیں جبکہ سیکنڈ شفٹ میں کیمسٹری، کمپیوٹر سائنس، بزنس مینجمنٹ، نفسیات، پنجابی اور اسلامیات کے علاوہ بی ایڈ کی پروفیشنل ڈگری کا آغاز ہو چکا ہے. اس ادارے کے 36 اساتذہ پی.ایچ. ڈی جبکہ 105 اساتذہ ایم فل کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں. ہمارے ان قابل فخر اساتذہ کے تحقیقی مضامین ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ مجّلات کے علاوہ غیر ملکی میگزینز میں بھی شائع ہوتے رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کالج میں ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے مختلف سوسائٹیز سال بھر فعال رہتی ہیں.سال 2024 میں مختلف کالجز اور مقابلہ جات میں شرکت کر کے ہماری طالبات نے انعامات حاصل کیے. حسن قر آت، نعت خوانی، اسلامی مذاکروں، مصوری، ملی نغموں، مباحثوں، انگریزی اور اردو تقریری مقابلہ جات کے علاوہ سائنس اور کھیل کے میدان میں بھی انفرادی و اجتماعی انعامات، ٹرافیاں اور شیلڈز حاصل کی ہیں جو ہمارے لیے باعث اعزاز ہے. کھیلتا پنجاب ایونٹ میں بھی ہماری طالبات نے گولڈ اور سلور میڈل حاصل کیے. ایچ ای ڈی 2024 اور سپورٹس گالا 2024 میں سمن آباد کالج کی طالبات نے 10 سے زائد گولڈ، سلور اور برونز میڈل حاصل کیے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی نے کالج کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی.انھوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں بطور استاد گذشتہ 31 سال سے اس کالج سے وابستہ ہوں اور 2023 میں میری یہاں بطور پرنسپل تعیناتی ہوئی جس کے بعد میں نے کالج کی ترقی، نظم و ضبط،صفائی اور طالبات کی ذہنی اور فکری صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ایک جامع پروگرام ترتیب دیا جس کے نتائج آپ کے سامنے ہیں. اسی طرح کالج کی تعمیر و آرائش کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں . کالج ھذا میں بجلی اور پانی کے مسائل گذشتہ کئی سال سے طالبات اور اساتذہ کے لیے زحمت کا باعث بنے رہے ہیں میں نے ہنگامی بنیادوں پر پانی کی مین لائن کو تبدیل کروایا اور تین عدد تھری فیز میڑرز کی تنصیب یقینی بنائی. کالج کینٹین پر گذشتہ دس سال سے غیر قانونی قبضہ تھا جسے عدالت کے ذریعے بے دخل کروانے کے بعد نئے کنٹریکٹر کو بڈ کے ذریعے کینٹین دے دی گئی ہے اور سابقہ قبضہ گروپ کے ذمے واجب الادا کروڑوں روپے کی واپسی کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں.انھوں نے مزید کہا کہ بی ایس کے لیے نیا بلاک بننے سے کمروں کی کمی کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا. کالج کے ایک کمرے کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے بعد کانفرنس ہال میں تبدیل کروا دیا گیا ہے جہاں ملٹی میڈیا، انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی سہولیات موجود ہیں. ایم ڈی کیٹ اور سی ٹی آئز کی انڈکشن کا کام بھی بڑی سہولت سے انجام دیا گیا ہے. کالج بسوں کی حالت بھی بہتر بنائی گئی، فائبر شیڈز لگوائے گئے. کالج کی سیکورٹی اور طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پچاس نئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کروائے گئے. کالج کے پراسپیکٹس کو جدید خطوط کے مطابق ترتیب دیا گیا تاکہ طالبات اور والدین کو کالج کی تمام تر سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی فراہم کی جاسکے. ڈینگی سپرے کروائے گئے. گرین پنجاب پروگرام کے پیش نظر کالج گرا ئونڈ میں درخت اور پودے لگائے گئے. طالبات کی سہولت کے لیے کالج میں بنک آف پنجاب کا بوتھ قائم کیا گیا. طالبات کے لیے عبایا روم تعمیر کروایا گیا. ضروری فرنیچر کی خریداری اور پرانے فرنیچر کی مرمت کا اہتمام کیا گیا. کالج میں واٹر فلٹر پلانٹ اور نئے واٹر کولر لگوائے گئے۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی نے معزز مہمانوں، خاص طور پر مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا جو طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے کانووکیشن میں شریک ہوئے. انھوں نے اس پر وقار تقریب کے کامیاب انعقاد پر اپنے تمام ساتھیوں خصوصاً انچارج کانووکیشن کمیٹی ڈاکٹر سمیرا مختار صاحبہ، ڈاکٹر عارفہ زریں صاحبہ ،وائس پرنسپل مسز وجیہہ مریم صاحبہ اور کنٹرولر امتحانات بشریٰ پروین صاحبہ کا شکریہ ادا کیا۔ جنھوں نے دن رات محنت کر کے یہ پروگرام ترتیب دیا۔ آخر میں انھوں نے طالبات کو مبارکباد دی اور کہا کہ اپنی علمی اور پیشہ وارانہ زندگی میں بھرپور کامیابیاں سمیٹتے ہوئے اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ ڈی پی آئی کالجز جناب سید انصر اظہر نے اپنے خطاب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کا شکریہ ادا کیا. انھوں نے کانووکیشن میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ان کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ آپ سب کی زندگی کا یادگار موقع ہے سمن آباد کالج اچھی کارکردگی اور اچھے نتائج کی بنا پر درخشندہ روایات کا امین ہے.طالبات کی محنت اور لگن، اساتذہ کی کوششوں، والدین کی قربانیوں، ادارے کی اعلیٰ روایات اور پرنسپل صاحبہ کی کاوشوں سے آپ سب آج یہاں موجود ہیں کیوں کہ صرف پانچ فیصد طالبات ہی سولہ سال کی تعلیم مکمل کر کے ڈگری حاصل کرتی ہیں. انھوں نے بتایا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے حکومت نے خواتین کو گرین بائیکس دیں. حکومت کی طرف سے ہونہار اسکالرشپ کی سکیم کے تحت تیس ہزار طالبات کو ہونہار اسکالرشپ دیے گئے.انھوں نے حکومت کی طرف سیکیے جانے والے مزید اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ آئندہ طلبا و طالبات کو جدید لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے۔پونے آٹھ سو کے قریب گرلز اور بوائز کالجز میں جلد پرنسپل کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی. اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ کے لیے ٹرانسفر کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے. انھوں نے سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرح نوید کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری صاحب کی راہنمائی میں ہم نے کالجز میں انرولمنٹ ڈرائیو چلائی اور کالج انرولمنٹ میں 20 فیصد اضافہ کیا. انھوں نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی صاحبہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آپ کا کالج پنجاب کے بہترین کالجوں میں شامل ہے جنھوں نے اس ٹارگٹ کو حاصل کیا. محکمے کی ہدایات پر بروقت پچھتر ہزار سی ٹی آئیز کی بھرتی کو یقینی بنایا گیا تاکہ طالبات کی پڑھائی متاثر نہ ہو۔انھوں نے طالبات کو ریلے ریس کی مثال دیتے ہوئے کہا جس طرح اس کھیل میں ایک کھلاڑی دوسرے کو اور دوسرا کھلا?ڑی تیسرے کو بیٹن دیتا ہے اْسی طرح ہم اس بیٹن کی ذمہ داری آپ کو سونپتے ہیں۔ہم رکے نہیں، ہم تھکے نہیں،ہم نے سخت حالات دیکھے اور ان کا مقابلہ کیا. آپ جوان، توانا اور طاقتور ہیں پاکستان کو آپ نے ترقی کی طرف گامزن کرنا ہے. آپ کو حکومت، کالج صوبے اور لاہور نے اتنا کچھ دیا ہے. وہی لگن، خلوص، محنت اور احساس ذمہ داری یہ کالج یہ لاہور، یہ صوبہ اور یہ پاکستان آپ سے مانگتا ہے. انھوں نے کہا کہ میں تیقن سے کہہ سکتا ہوں کہ آج کے بعد جب آپ سب میدان عمل میں شامل ہوں گی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ ہوں گی تو مردوں کے ساتھ خواتین بھی ملک و قوم کا نام روشن کریں گی. ڈائریکٹر کالجز پنجاب جناب احسن مختار ملک نے اپنے خطاب میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا.انھوں نے طالبات اور مبارک دی اور انھیں اس مقام تک پہنچانے والے اساتذہ کو سلیوٹ پیش کیا. انھوں نے طالبات کو تلقین کی کہ سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رکھیں، وقت اور حالات کے مطابق اپنے آپ کو اپ ڈیٹ کریں تاکہ اس معاشرے کے ساتھ چل سکیں۔بی ایس آنرز آرٹس کی طالبات کو ڈگریاں، رول آف آنرز اور گولڈ میڈلز سے نوازا گیا. وائس پرنسپل مس وجیہہ مریم، ڈین آف سائنس مسز فوزیہ وحید ،ڈین آف آرٹس مسز صدف منیر ،پروفیسر ڈاکٹر صائمہ شریف،پروفیسر ڈاکٹر سمیرا مختار،پروفیسر ڈاکٹر عارفہ زریں ،مسز بشریٰ پروین، مسز روحینہ فاروق،مسز نادیہ ندیم ،مسز نادیہ بلال ،مسز عائشہ صدیقہ، مسز فاطمہ چوہان،مس زینب، اور دیگر کالج اساتذہ کو عمدہ کارکردگی کی بنا پر گولڈ میڈلز اور شیلڈز دی گئیں۔پہلے سیشن کے اختتام پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی نے ڈی پی آئی کالجز جناب سید انصر اظہر اور ڈائریکٹر کالجز لاہور پروفیسر احسن مختار ملک کو شیلڈ پیش کی. ڈی پی آئی کالجز جناب سید انصر اظہر اور ڈائریکٹر کالجز پنجاب جناب احسن مختار نے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کو شیلڈ پیش کی. کانووکیشن کے دوسرے سیشن کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی اور مہمانِ اعزاز ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی افشین کاشف تھیں۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی مس ثنا محبوب نے شرکت کی۔کالج کے اساتذہ اور طالبات کے ہمراہ سابقہ پرنسپل مسز رخسانہ بھٹہ اور پروفیسر ڈاکٹر حلیمہ آفریدی ،پرنسپل اپوا کالج پروفیسر نعیمہ ا پرنسپل ماڈل ٹا ئون کالج محترمہ شہناز کوثر نے بھی شرکت کی. وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی نے اپنے خطاب میں پرنسپل صاحبہ کا شکریہ ادا کیا اور طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کالج آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش کی تعریف کی اور پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کی کاوشوں کو سراہا۔ انھوں نے طالبات کو نئے دور میں نئے مواقع سے فائدہ اْٹھاتے ہوئے آگے بڑھنے کی تلقین کی۔انھوں نے انتہائی منظم کانووکیشن کے انعقاد پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی کو مبارکباد پیش کی. اس سیشن میں سائنس کے مضامین میں بی ایس کی طالبات کو ڈگریاں، رول آف آنرز اور میڈل دیے گئے.اس کے بعد ٹیچنگ، نان ٹیچنگ سٹاف اور کالج ملازمین کو بھی ان کی بہترین کارکردگی کی بنا پر شیلڈ سے نوازا گیا آخر میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شاہین کرامت علی نے مہمان خصوصی وائس چانسلر لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ قریشی، ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی مس افشین کاشف، اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات مس ثنا محبوب کو شیلڈ پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا.