جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے میر رضا اغوا و قتل کیس میں جے آئی ٹی افسران کی عدم حاضری اور مقدمے کا حتمی چالان پیش نہ کیے جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جے آئی ٹی ہیڈ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، تاہم پولیس کی جانب سے مقدمے کا حتمی چالان پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی جے آئی ٹی کا کوئی افسر عدالت میں پیش ہوا۔جے آئی ٹی افسران کی عدم حاضری پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور جے آئی ٹی ہیڈ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 نومبر تک وضاحت طلب کرلی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مقررہ مدت میں بتایا جائے کہ مقدمے کا حتمی چالان اب تک کیوں پیش نہیں کیا گیا۔دورانِ سماعت مدعی مقدمہ کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کی تفتیش کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے اور مقدمہ بھی اس کے سپرد کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حتمی چالان یا رپورٹ پیش کرنے کی ذمہ داری جے آئی ٹی پر عائد ہوتی ہے۔