پیرا فورس کا پولیس پرانحصارختم کرنے کا فیصلہ

  پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کے خلاف متعدد شکایات موصول،تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وارفیلڈ میں تعینات کیا جائیگا
لاہور ( کرائم  رپورٹر) پیرا فورس نے فیلڈ آپریشنز کے لیے پولیس اہلکاروں پر انحصار مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پیرا فورس اب اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وار فیلڈ میں تعینات کرے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیرا فورس کو پولیس اہلکاروں پر انحصار، فیلڈ لیول پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔خصوصی قوانین کے موثر نفاذ میں گزشتہ 25برس سے موجود خلا بھی فورس کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوچکی ہیں جبکہ بعض اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 1,596اہلکاروں کو وارننگ جبکہ 351اہلکاروں کو واپس بھجوایا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مرحلہ وار فورس کے اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں سے تبدیل کیا جائے گا۔س مقصد کے لیے پیرا کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جہاں اہلکاروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔پیرا میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز کے نفاذ کا عمل بھی تیز کیا جارہا ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کی نگرانی اور احتساب کے نظام کو مثر بنایا جاسکے۔ذرائع کے مطابق پیرا کے آپریشنز کو اس کے قانونی مینڈیٹ تک محدود رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور چیئرپرسنز کی کارکردگی کو پیرا کے آپریشنل KPIsسے منسلک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔فورس کی جانب سے پولیس پر انحصار کم کرکے اپنے تربیت یافتہ اہلکار فیلڈ میں لانے کا مقصد آپریشنل کارکردگی، نگرانی اور احتساب کے نظام کو مزید موثر بنانا قرار دیا جارہا ہے۔