غیر فعال پرائس مجسٹریٹس ہٹانے کا حکم پیرا فورس کی پوری توجہ قیمتیں کنٹرول کرنے پر ہونی چاہیے چیف سیکرٹری

 قیمتوں کی موثر نگرانی کے لیے غیر فعال افسروں کی جگہ فوری طور پر نئے اور متحرک پرائس مجسٹریٹس تعینات کئے جائیں: چیف سیکرٹری کی ہدایت
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گرانفروشی کی روک تھام کے لیے انتظامی اقدامات سخت کرتے ہوئے غیر فعال پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فوری طور پر ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے جمعہ کو سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ قیمتوں کی موثر نگرانی کے لیے غیر فعال افسران کی جگہ فوری طور پر نئے اور متحرک پرائس مجسٹریٹس تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیرا فورس کی تمام تر توجہ اس وقت صرف پرائس کنٹرول پر ہونی چاہیے تاکہ عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔اجلاس کے دوران صوبے بھر میں آٹا، چینی، گھی اور سبزیوں کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں چیف سیکرٹری نے خاص طور پر ٹماٹر کی قیمتوں کو مستحکم کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے لاہور اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پرائس کنٹرول میکانزم کو مزید فعال بنائیں تاکہ مارکیٹ میں مصنوعی مہنگائی کا سدباب ہو سکے۔