نارووال (خصوصی رپورٹ)پیرا فورس نے شہر سے تمام ریڑھی بانوں کو سڑکوں سے پاک کر دیا ،شہر کے 285 ریڑھی بان بیروزگار ہو گئے،غریب مزدور معزور ریڑھی بان داد رسی کیلئے امین بیت المال پنجاب ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ کے پاس پہنچ گئے۔ پیرا فورس کے ناروا رویہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مزدور ریڑھی بان زبردستی کام بند کروانے پر رو پڑے۔ریڑھی بانوں نے الزامات عائد کرتے کہا پیرا فورس اہلکار بلاوجہ ہزاروں روپے جرمانہ ،غلیظ زبان کا استعمال کرتے اور سڑک پر مرغا بنا دیتے ہیں۔ بھاری جرمانوں کے علاوہ ان کو حراست میں لیکر گھنٹوں دفتر میں بٹھایاجاتا ہے۔ ہم میں سے بہت سے ریڑھی بان کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں کام بند ہونے سے نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے سبزی فروٹ منڈی والوں کے ہم لاکھوں کے مقروض ہو چکے ہیں پیرا فورس نے ہمیں مخصوص جگہ فراہم کرنے سے پہلے ہی ہماری ریڑھیاں بازاروں سے ہٹا دیں ہیں۔ ریڑھیاں ختم کرنے کی بجائے شہر کی مختلف جگہوں پر کئی ایکڑ جگہ خالی پڑی ہے وہاں پر ریڑھیاں لگانے کی اجازت دی جائے۔ ریڑھی بانوں نے حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر نارووال سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کو رزق حلال کمانے کیلئے شہر میں سرکاری جگہ دی جائے تاکہ وہ اپنے بچوں کیلئے محنت مزدوری کر سکیں۔