ننکانہ پولیس کو مطلوب اے کیٹگری اشتہاری ملزم گرفتار

 ای پولیس پوسٹ ایپ سے ریکارڈ چیک، قتل و اقدام قتل کا ملزم دو سال سے روپوش تھا
لاہور(کرائم رپورٹر) ننکانہ پولیس کو قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اے کیٹگری کا اشتہاری ملزم تجمل عرف منور موبائلز اسکواڈ ناکہ نیو راوی نے گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق ناکہ نیو راوی پر اہلکاروں نے پبلک ٹرانسپورٹ میں سوار ملزم کو مشکوک جانتے ہوئے حراست میں لیا اور ای پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے کریمنل ریکارڈ چیک کیا تو وہ ننکانہ کے تھانہ سیدوالہ میں درج قتل و اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری نکلا۔ ملزم گزشتہ دو سال سے گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور میں روپوش تھا۔ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شاہدرہ ٹا ئون منتقل کرکے متعلقہ ننکانہ پولیس کو اطلاع کردی گئی۔ ایس پی موبائلز بلال احمد نے کہا کہ ناکہ جات پر ای پولیس پوسٹ ایپ کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جارہا ہے۔