ملزم سے چھ آٹومیٹک پستول، سینکڑوں گولیاں اور کارتوس بر آمد، تفتیش جاری
لاہور(کرائم رپورٹر) ہیئر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی اسلحہ ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او ہیئر غلام حسن رندھاوا نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کے دوران مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کرلیا، دوران گرفتاری ملزم نے پولیس سے مزاحمت بھی کی۔ گرفتار ملزم احمد حسن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے 6 آٹومیٹک پستول، سینکڑوں گولیاں اور کارتوس بر آمد ہوئے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز راحیلہ اقبال کے مطابق ملزم نے آن لائن لوکیشن کے ذریعے مختلف اضلاع میں اسلحہ سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے اسے انویسٹی گیشنز کے حوالے کردیا ہے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشنز نے ایس ایچ او ہیئر غلام حسن رندھاوا اور پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔