عبدالرحمان کے قبضہ سے لاکھوں مالیت کی 47 کلو چرس اور 10 کلو افیون برآمد ہوئی
علاقہ غیر سے آن لائن ذرائع سے منشیات منگوا کر اضلاع میں سپلائی کرتا تھا :ایس پی اخلاق
لاہور (کرائم رپورٹر) ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان کی سربراہی میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاضلاعی منشیات ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ملزم عبدالرحمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا،جس کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کی 47 کلو چرس اور 10 کلو افیون برآمد ہوئی۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ملزم عبدالرحمان کا تعلق علاقہ غیر سے ہے جو آن لائن ذرائع سے منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی کرتا تھا ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرائم کا اعتراف بھی کرلیا ہے ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور ان کی ٹیم کی شاندار کارکردگی پر تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس منشیات جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے، عوام پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔