کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ محکمے ہائی الرٹ، بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی، متعلقہ محکمے ہائی الرٹ، بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر مختلف علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی تعداد بڑھا دی گئی جبکہ بلدیاتی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی میئر کراچی سلمان مراد نے کہا ہے کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر بلدیاتی اداروں نے پیشگی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق سائٹ، نرسری، اسٹیڈیم روڈ، کارساز اور نیپا کے علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ ملینیم مال، بروکس چورنگی سمیت دیگر مقامات پر بھی اضافی پمپس لگا دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے، اسی لیے پانی کے اخراج کے لیے چوکنگ پوائنٹس پر اضافی پمپنگ مشینری تعینات کر دی گئی ہے۔

سلمان مراد کے مطابق مرکزی شاہراہوں اور اہم گزرگاہوں پر بلدیاتی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران احتیاط کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر بارشوں سے نمٹنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔