14اگست: ویلنگ ، ہلڑ بازی پر ایکشن کا حکم

ایس پی سٹی کی زیر صدارت چہلم، عرس اور یومِ آزادی پر سکیورٹی کی پلاننگ کے حوالے سے اجلاس
 لاہور(کرائم رپورٹر) ایس پی سٹی بلال احمد کی زیر صدارت سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کا اجلاس ہوا، جس میں چہلم حضرت امام حسینٓ، عرس حضرت داتا گنج بخشٓ اور یومِ آزادی کے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں امن و امان برقرار رکھنے، روٹس کے وزٹ اور سرچ آپریشنز کی خود مانیٹرنگ کی ہدایت دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اور منتظمین سے مل کر مین پروسیشنز کے سیکورٹی انتظامات بروقت مکمل کرنے کی تاکید کی گئی۔ ایس پی سٹی نے کہا کہ 14 اگست کی تقریبات کو پرامن بنانے کیلئے ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اہم شاہراہوں پر منظم ناکہ بندی کی جائے۔ موٹرسائیکل چوری کے انسداد کیلئے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے، مفرور اشتہاریوں، عادی مجرمان، منشیات فروشوں، قمار بازوں اور قحبہ خانوں کے خلاف آپریشن تیز کیا جائے۔ پتنگ بازی، خواتین پر تشدد اور ہراسانی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد ہو۔ 15 کی کال پر فوری ریسپانس اور ہاٹ سپاٹ ایریاز میں مؤثر پٹرولنگ جاری رکھی جائے تاکہ امن و امان ہر وقت برقرار رہے