مضر صحت دودھ پینے سے بہن بھائی ہلاک

فقیرالی میں افسوسناک واقعہ، ایک بچے کی حالت تشویشناک، اہل علاقہ سراپا احتجاج ، کارروائی کا مطالبہ 
بہاولنگر (خصوصی رپورٹ)فقیرالی کے علاقے میں مبینہ طور پر مضر صحت دودھ پینے سے دو کمسن بہن بھائی جاں بحق جبکہ ایک بچے کی حالت تشویشناک ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار سالہ سمیع اور دو سالہ فاطمہ شامل ہیں۔ دونوں گزشتہ رات دودھ پینے کے فوراً بعد شدید علیل ہو گئے۔اہل خانہ کے مطابق متاثرہ بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر بدقسمتی سے سمیع اور فاطمہ جانبر نہ ہو سکے، جبکہ ایک اور بچے کو تشویشناک حالت میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ والدین صدمے اور غم سے نڈھال ہیں اور انہیں غشی کے دورے پڑ رہے ہیں۔المناک واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ناقص اور مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔مقامی حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے دودھ کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھجوا دئیے ہیں۔