پتوکی :مضر صحت کیمکلز ملا دودھ بیماریاں پھیلانے لگا

شہر کے کئی علاقوں میں مہلک دودھ200سے 250روپے کلوبک رہاہے
ڈپٹی کمشنر سے فروخت پر پابندی لگانے ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ
پتوکی (خصوصی رپورٹ )پتوکی میں مضر صحت کیمکلز ملے دودھ سے بیماریاں پھیلنے لگیں ،خاص طور پر کمسن بچے اس دودھ سے متاثر ہورہے ہیں ،ڈپٹی کمشنر سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیاگیاہے۔ پریس کلب پتوکی نے شہریوں کو لاحق مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر کے گلی کوچوں اور بازاروں اڈوں میں قائم دکانوں میں مضر صحت کیمیکلز سے تیار کردہ دودھ بلاخوف و خطر فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے نہ جانے کیوں اس ضمن میں کارروائی سے گریزاں ہیں،شہرکے متعدد علاقوں میں ڈٹرجنٹ پاوڈر اور مہلک کیمیکلز سے تیار شدہ دودھ200سے 250 روپے کلو تک فروخت ہوتا ہے۔ میڈیا انچارج پریس کلب رجسٹرڈ پتوکی شیخ عثمان فاروق نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ کیمیکل والے دودھ کی فروخت پہ پابندی لگائی جائے اور اس مذموم کاروبار سے وابستہ افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔