پاکستان اور مراکش کے تعلقات مشترکہ عقیدے باہمی احترام پر مبنی ہیں:صدر

اقلیتی عبادت گاہوں کو قبضوں سے واگزار کرانے کے لئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے:آصف زرداری
 اقلیتی فلاحی فنڈ سے 2 ہزار 236 طلبہ کو 6 کروڑکے وظائف دیئے گئے:سردار یوسف‘ملاقات میں گفتگو

اسلا م آباد (آئی  این پی ‘آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری  نے  پاکستان اور مراکش کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ  دونو ں ممالک  کے تعلقات مشترکہ عقیدے، اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق  صد رآصف علی زرداری سے  پاکستان میں مراکش کے سفیر محمد کارمون  نے  ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے ۔   صدرِ مملکت نے پاکستان  کے مراکش کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کا عزم  کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان مراکش کیساتھ معاشی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ملکوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ‘دریں اثناء صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے  اقلیتی عبادت گاہوں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانے کیلئے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔صدر آصف علی زرداری  سے وفاقی وزیر برائے مذہبی اْمور سردار محمد یوسف کی ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اقلیتی حقوق کے تحفظ، مذہبی رواداری کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقلیتی عبادت گاہوں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔صدر آصف علی زرداری نے وزارتِ مذہبی امور کی اقلیتی برادری کے حقوق کے لیے کاوشوں کو سراہا۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امورسردار یوسف نے بتایا کہ اقلیتی فلاحی فنڈ سے 2 ہزار 236 طلبہ کو 6 کروڑ روپے کے وظائف دیے گئے ۔ایک ہزار 231 ضرورت مند افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی ۔32 اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت اور تزئین کے لیے 4 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں