ایران میں امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تاریخی ورثے کو نقصان پہنچنے کی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق صرف تہران میں 77 تاریخی مقامات متاثر ہوئے ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تفصیلات تاریخی ورثے کے تحفظ کے لیے قائم کمیٹی کے سیکریٹری سجاد اصغری نے فراہم کی ہیں۔ ان کے مطابق متاثرہ مقامات میں محلات، عجائب گھر اور تاریخی عمارتیں شامل ہیں، جن میں سے 90 فیصد کو معمولی جبکہ 10 فیصد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر پورے ملک میں 140 تاریخی مقامات متاثر ہوئے ہیں، جن میں کئی اہم ثقافتی اور تعمیراتی ورثے شامل ہیں۔ تہران میں متاثر ہونے والے 38 مقامات قومی ورثے کے طور پر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ متعدد عمارتیں اپنی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ ورثے میں قاجار دور کی 27 عمارتیں بھی شامل ہیں، جو ایران کی تاریخی شناخت کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہیں۔متاثرہ اہم مقامات میں فرخ آباد پیلس، عشرت آباد پیلس، قصر جیل اور ماربل پیلس کے بعض حصے شامل ہیں۔ ایرانی حکام نے بتایا ہے کہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا جا رہا ہے جبکہ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی بھی جاری ہے۔