اسرائیلی لڑاکا طیارے تہران میں اہداف پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی فوج

اسرائیلی لڑاکا طیارے تہران میں اہداف پر حملے دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی فوج

اسرائیلی فوج نے عندیہ دیا ہے کہ اس کے لڑاکا طیارے ایران کے دارالحکومت تہران میں اہداف پر ایک اور حملہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

 غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف مزید فضائی حملے آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہیں، یہ ردعمل ایران کی جانب سے لاحق خطرات کے تحت ہے۔فوجی حکام کے مطابق اسرائیلی فضائیہ "آپریشنل منصوبوں" کے مطابق آگے بڑھ رہی ہے۔ یاد رہے کہ جمعے کی صبح اسرائیل نے ایران کے درجنوں مقامات پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے تھے، جن میں عسکری قیادت کی رہائش گاہوں، فوجی مراکز اور مبینہ جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں 6 سائنسدانوں سمیت کم از کم 78 افراد شہید ہوئے۔ایرانی ردعمل بھی شدید تھا — ایران نے 'وعدہ صادق 3' کے تحت اسرائیل پر 150 سے 200 بیلسٹک میزائل داغے۔ پہلے حملے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے میں بھی تقریباً 50 میزائل فائر کیے گئے۔

ان میزائل حملوں کے دوران اسرائیل کا دارالحکومت تل ابیب دھماکوں سے لرز اٹھا۔ اگرچہ اسرائیل نے امریکی تعاون سے میزائل دفاعی نظام کے ذریعے کئی ایرانی میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا، مگر متعدد میزائل تل ابیب کے مختلف حساس مقامات پر جا گرے، جن میں اسرائیلی وزارتِ دفاع کی عمارت بھی شامل ہے۔اس تمام صورتحال کے بعد خطے میں جنگ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے اور عالمی برادری کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم اسرائیل کے تازہ بیانات سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایک اور مرحلہ وار جنگ کے آثار تاحال برقرار ہیں۔