انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر 87 لاکھ 64 ہزار 615 امریکی ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔
یہ رقم گزشتہ ایڈیشن 2024 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے، جبکہ اس بار پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، جس سے مقابلوں میں مزید سخت مقابلہ متوقع ہے۔اعلان کے مطابق ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 11 لاکھ 70 ہزار ڈالر مقرر کیے گئے ہیں۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کو 6 لاکھ 75 ہزار ڈالر فی ٹیم ملیں گے۔مزید یہ کہ ہر گروپ میچ جیتنے پر 31 ہزار 154 ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ تمام شریک ٹیموں کو کم از کم 2 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالر کی ضمانتی رقم بھی فراہم کی جائے گی۔
ایونٹ کا آغاز 12 جون کو انگلینڈ کے شہر برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ 33 میچز پر مشتمل ہوگا جو 24 دنوں میں سات مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا۔ایونٹ سے قبل ٹرافی ٹور کا بھی آغاز ہو چکا ہے، جو مختلف یورپی ممالک اور میزبان شہروں کا دورہ کر رہا ہے تاکہ شائقین میں جوش و خروش بڑھایا جا سکے اور ٹورنامنٹ کو عالمی سطح پر مزید فروغ دیا جا سکے۔