فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) نے 2026 ورلڈ کپ کے لیے انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
اس سال کی مجموعی انعامی رقم 871 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جو کہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ فیصلہ وینکوور میں منعقدہ فیفا کونسل کے اجلاس میں منظور کیا گیا، جہاں ٹکٹوں کی قیمتوں اور تجارتی شراکت داریوں پر تنقید بھی کی گئی ہے۔ انعامی رقم کے لحاظ سے یہ ایونٹ اب تک کا سب سے بڑا ہے، اور اس کا بجٹ گزشتہ ایونٹ کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔ ہر ٹیم کو ایونٹ کی تیاری کے لیے پہلے سے دی جانے والی رقم 15 لاکھ ڈالر سے بڑھا کر اب 25 لاکھ ڈالر کر دی گئی ہے۔ کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو ایک کروڑ ڈالرز ملیں گے، جبکہ 2022 میں یہ رقم 90 لاکھ ڈالرز تھی۔ یعنی، صرف کوالیفائی کرنے پر ہی ہر ٹیم کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم مل جائے گی، اور اس کے علاوہ کارکردگی کے مطابق مزید رقم دی جائے گی۔
ایونٹ کے فاتح کو 5 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے، جبکہ 2022 میں ارجنٹینا کو یہ رقم 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ملی تھی۔ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 65 لاکھ ڈالرز ملیں گے، جو کہ 2022 کی رنر اپ ٹیم کو دی گئی رقم سے زیادہ ہے۔ تیسری پوزیشن والی ٹیم کو 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز، چوتھی نمبر والی ٹیم کو 3 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ پانچویں سے آٹھویں پوزیشن والی ٹیموں کو 2 کروڑ 25 لاکھ ڈالرز، اور نویں سے سولہویں نمبر والی ٹیموں کو ایک کروڑ 85 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ سترہویں سے بتیسویں پوزیشن والی ٹیموں کو ایک کروڑ 45 لاکھ ڈالرز، اور تینتیس سے اڑتالیسویں پوزیشن والی ٹیموں کو ایک کروڑ 25 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ 2022 میں یہ تعداد 64 تھی۔ یہ بڑا ایونٹ، زیادہ مقابلوں اور زیادہ انعامات کے ساتھ، فٹبال کے شائقین اور ٹیموں کے لیے ایک اہم اور پرجوش موقع ہے۔