اسلام آباد مذاکرات میں ڈیل نہ ہونے کا سبب نیتن یاہو کی فون کال ہے: ایران کا دعویٰ

اسلام آباد مذاکرات میں ڈیل نہ ہونے کا سبب نیتن یاہو کی فون کال ہے: ایران کا دعویٰ

ایران نے اسلام آباد میں ہونے والے امریکا اور ایران کے مذاکرات میں کسی حتمی معاہدے تک نہ پہنچنے کی ذمہ داری اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر عائد کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو اسرائیلی وزیرِ اعظم کی فون کال موصول ہوئی، جس کے بعد بات چیت کا رخ تبدیل ہو گیا۔ان کے مطابق اس فون کال کے بعد مذاکراتی عمل میں توجہ ایران امریکا معاہدے کے بجائے اسرائیلی مفادات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر مرکوز ہو گئی، جس سے پیش رفت متاثر ہوئی۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکا نے مذاکرات کی میز پر وہ حاصل کرنے کی کوشش کی جو وہ فوجی طاقت کے ذریعے حاصل نہیں کر سکا۔

جے ڈی وینس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں امریکی وفد کا حصہ تھے، تاہم اس دعوے پر امریکی یا اسرائیلی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پہلے ہی عروج پر ہے اور سفارتی مذاکرات کے نتائج پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔