ڈکیتی کی جھوٹی واردات کا ڈرامہ رچانے والا پکڑا گیا

لاہور(کرائم رپورٹر)گجر پورہ پولیس نے ڈکیتی کی جھوٹی واردات کا ڈرامہ رچانے والے ملزم کو گرفتار کر لیاترجمان پولیس کے مطابق ملزم نے ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے اطلاع دی تھی کہ اسے گن پوائنٹ پر 22 لاکھ روپے سے محروم کر دیا گیا ہے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کیں تو معاملہ مشکوک پایا گیا۔ تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نے ادھار کی رقم واپس کرنے سے بچنے کے لیے خود ہی ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا اور پولیس کو جھوٹی اطلاع دی۔ملزم جس کی شناخت حمزہ کے نام سے ہوئی، نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا اور تسلیم کیا کہ کسی قسم کی ڈکیتی پیش نہیں آئی بلکہ مکمل کہانی من گھڑت تھی۔گجر پورہ پولیس نے ملزم کے خلاف جھوٹی اطلاع دینے اور قانون کو گمراہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جھوٹی کالز اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔