لاہور (کرائم رپورٹر)ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والا پکڑا گیا۔ زخمی ملزم مصطفی کے مطابق دو موٹر سائیکل سواروں نے موبائل چھینتے ہوئے فائرنگ کی اور اسے زخمی کر دیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد کی ہدایت پر فوری ریسپانس کرتے ہوئے نیو انارکلی پولیس ہسپتال پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم دوران تفتیش زیادہ دیر پولیس کو چکما نہ دے سکا۔ زخمی مصطفی اپنے دوست فہیم کے ساتھ اس کے گھر پر شراب پی رہا تھا، جہاں ملزم نے پسٹل سے فائر کیا جو اسی کی ٹانگ میں لگا۔ ملزم نے دوست کے مشورے سے جھوٹا وقوعہ بنایا تاکہ بچ نکلیں۔ ملزم نے اپنی مدد آپ کے تحت ہسپتال پہنچ کر لوہاری کے علاقے کا جھوٹا وقوعہ بنایا۔ ایس ایچ او نیو انارکلی نے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے لوہاری گیٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ملزم جتنا بھی شاطر ہو، قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 15 پر جھوٹی کالز کرنا اور غلطی کو واردات کا رنگ دینا جرم ہے۔ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور جھوٹ بول کر مجرم بننے کے بجائے سچ کا سامنا کریں۔ عوام کی حفاظت اور مدد کے لیے پولیس ہر وقت موجود ہے۔