پشاور سے سوات آنے والی خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس نے اپنے ہی محکمے کے دو اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے، جن کے خلاف تھانہ رحیم آباد میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ رحیم آباد میں پشاور کی رہائشی خاتون مسماۃ (ع) نے دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کے خلاف زیادتی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت کی، جس پر ایس ایچ او تھانہ رحیم آباد زاہد اللہ خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ تحقیقات شروع کردیں۔پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دونوں مشتبہ ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت واحد محمود ولد بادشاہ محمد، ساکن الہ ڈھنڈ بٹ خیلہ، اور محمد غضنفر ولد محمد صفدر، ساکن چمکنی پشاور کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں غضنفر کا تعلق پشاور جبکہ واحد کا تعلق ملاکنڈ سے ہے۔ دونوں کے خلاف تھانہ رحیم آباد میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
سوات پولیس کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان مبینہ طور پر متاثرہ خاتون کو ان کے شوہر کے ہمراہ ہوٹل کے ایک کمرے میں لے گئے، جہاں دونوں نے باری باری خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان پر یہ الزام بھی ہے کہ انہوں نے واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جاسکے اور قانونی کارروائی مکمل کی جاسکے۔