کورنگی میں خاتون کا قتل: مقتولہ کو پارک لے جانے والی ویڈیو منظر عام پر آ گئی

کورنگی میں خاتون کا قتل: مقتولہ کو پارک لے جانے والی ویڈیو منظر عام پر آ گئی

کراچی کے علاقے کورنگی کی بلال کالونی باغیچے کے قریب خاتون کی گولی لگی لاش ملنے کے بعد تحقیقات میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

 پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی ہے جس میں مقتولہ کو ایک موٹر سائیکل سوار شخص کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ موٹر سائیکل سوار کے ساتھ ایک بچہ بھی موجود ہے۔پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق، خاتون ممکنہ طور پر قاتل کو جانتی تھی۔ مقتولہ کی شناخت تلاش ایپ کے ذریعے سپنا کے نام سے کی گئی ہے اور وہ سولنگی قوم سے تعلق رکھتی ہیں۔ سپنا کا آبائی گاؤں نوشہرو فیروز ہے اور وہ ایک سال قبل اپنے تین بچوں کے ساتھ کراچی آئی تھی۔پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر اور بھائی نے لاش کو لینے سے انکار کر دیا ہے۔ تحقیقات میں یہ بھی شامل ہے کہ سپنا کراچی کس کے ساتھ آئی تھی، اور یہ کہ اس کا قتل کس وجہ سے کیا گیا۔مقتولہ کے سر میں گولی مار کر ملزمان فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور مقتولہ کی لاش کو سردخانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔یہ واقعہ گزشتہ روز کورنگی کے بلال کالونی باغیچے سے پیش آیا تھا جہاں خاتون کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس میں سر میں گولی ماری گئی تھی۔ پولیس نے مزید تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں تاکہ اس سنگین جرم کا سراغ لگایا جا سکے۔