کراچی: کورنگی میں شوہر اور دیور نے مبینہ طور پر بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا، مقدمہ درج

کراچی: کورنگی میں شوہر اور دیور نے مبینہ طور پر بیوی کو تیزاب پلا کر قتل کر دیا، مقدمہ درج

کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں شوہر نے اپنے بھائی کے ساتھ مل کر بیوی کو مبینہ طور پر تیزاب پلا کر قتل کر دیا۔

 مقتولہ نورعائشہ دو بچیوں کی ماں تھی۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ شوہر محمد ایوب اور اس کے بھائی رفیق کے خلاف درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔واقعہ 4 جولائی کی صبح پیش آیا، جب نورعائشہ کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی۔ پوسٹ مارٹم کے دوران تیزاب پینے کے باعث انفیکشن سے موت کی تصدیق ہوئی۔مقتولہ کے والد علی اکبر نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ ان کی بیٹی کی سات سال قبل شادی محمد ایوب سے ہوئی تھی اور اس کے دو بچے تھے۔ ان کا داماد اکثر غیر خواتین سے تعلقات رکھتا تھا، جس پر کئی بار بیٹی ناراض ہو کر میکے آتی تھی، تاہم ہر بار شوہر اور اس کا بھائی راضی کرکے واپس لے جاتے تھے۔مدعی کے مطابق جب وہ داماد کو سمجھانے کی کوشش کرتے تو دیور رفیق بدتمیزی اور جھگڑا کرتا تھا اور واضح کہتا تھا کہ اس کا بھائی جو کرے، کوئی روک نہیں سکتا۔

علی اکبر کے مطابق 4 جولائی کی صبح اطلاع ملی کہ داماد اور اس کے بھائی نے بیٹی کو تیزاب پلایا ہے۔ جب وہ اسپتال پہنچے تو بیٹی زندگی کی بازی ہار چکی تھی۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں تیزاب پلانے کے شواہد ملے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ نامزد ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔واقعہ نے شہر میں خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف شدید تشویش پیدا کر دی ہے، اور سوشل حلقوں کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔