راولپنڈی میں نالہ لئی کی صفائی، نگرانی اور فلیش فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس ہوا، جس میں نالہ لئی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینے اور 9 کلومیٹر کے گنجان آباد علاقے میں مؤثر پٹرولنگ سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے ہدایت کی کہ صفائی کے بعد نالہ لئی میں دوبارہ کوڑا کرکٹ پھینکنے یا ڈمپنگ کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے، جبکہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔انہوں نے واسا کو اپنے وسائل سے خصوصی فورس تشکیل دے کر جلد پٹرولنگ شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نالہ لئی کی صفائی، بحالی اور حفاظت کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔
اجلاس میں نالہ لئی کے اطراف مستقل صفائی اور نگرانی کا نظام قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ حکام کے مطابق اس عمل میں مقامی افراد، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔کمشنر راولپنڈی سلمان غنی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ لئی میں کچرا پھینکنے والوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نشاندہی کرکے فوری کارروائی کی جائے گی، جبکہ مختلف مقامات پر نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں نالہ لئی کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ فلیش فلڈنگ کی نگرانی اور بروقت الرٹ جاری کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
حکام نے فیصلہ کیا کہ پانی کے بہاؤ، گاد اور دیگر رکاوٹوں کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا، جبکہ فلیش فلڈنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے ماہرین کی مشاورت سے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔