جڑواں شہروں میں مسلسل بارش سے نشیبی علاقے متاثر، نالہ لئی کی سطح بلند

جڑواں شہروں میں مسلسل بارش سے نشیبی علاقے متاثر، نالہ لئی کی سطح بلند

راولپنڈی اور اسلام آباد میں پیر کی سہ پہر سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث جڑواں شہروں کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

 راولپنڈی کے کچہری چکلالہ میں سب سے زیادہ 83 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ اسلام آباد کے سید پور میں 74 ملی میٹر، بوکڑہ میں 63، گوالمنڈی میں 53، پی ایم ڈی اور شمس آباد میں 32 ملی میٹر بارش ہوئی۔نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 9 فٹ اور گوالمنڈی میں 5 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ واسا کی ٹیمیں بارش رکنے پر نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔حیال شریف کے قریب ایک موٹر سائیکل سوار برساتی نالے میں بہہ گیا جسے ریسکیو 1122 کے غوطہ خوروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نکال لیا۔ موٹر سائیکل سوار کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بارش کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر تمام افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں صورت حال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس کی خصوصی ٹیمیں علاقے میں گشت کر رہی ہیں اور شہریوں کو برساتی نالوں کے قریب جانے سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں 15 پر رابطہ کریں اور نالہ لئی، برساتی نالوں، ڈیمز اور تالابوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔