راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند

راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں میں علی الصبح سے جاری وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش نے شہری زندگی کو متاثر کر دیا، جبکہ متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

 شدید بارش کے باعث نالہ لئی اور مختلف برساتی نالوں میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ واسا، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔فلڈ کنٹرول روم کے مطابق نالہ لئی بیسن میں اوسطاً 54.51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کچہری چکلالہ میں سب سے زیادہ 103 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ شمس آباد میں 71، سیدپور ویلیج میں 67، پی ایم ڈی ایچ-8 میں 63، پیرودھائی میں 60، نیو کٹاریاں میں 58، گولڑہ میں 51 اور بوکھڑا میں 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 9 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد گوالمنڈی پر پری الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں مزید اضافے کی صورت میں ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے جبکہ نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے مختلف نشیبی علاقوں صادق آباد، ڈھوک کھبہ، ڈھوک الٰہی بخش، آریہ محلہ، ندیم کالونی، پیرودھائی، فوجی کالونی، ڈھوک حسو اور پیپلز کالونی میں پانی جمع ہوگیا۔ بعض علاقوں میں تین سے چار فٹ تک پانی کھڑا ہونے کے باعث گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

بارش کے باعث کمیٹی چوک، کچہری چوک، رحیم آباد انڈر پاس، مری روڈ، مال روڈ، پشاور روڈ، صدر اور دیگر اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو میں بھی شدید بارش کے بعد متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ سڑکیں اور گلیاں زیرِ آب آنے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے جبکہ شہریوں نے نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال بارشوں کے دوران یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے لیکن مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔ کئی شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکالنے میں مصروف رہے۔دوسری جانب راولپنڈی کے مصریال روڈ، فرینڈز کالونی میں بارش کے دوران ایک بچہ نالے میں گر کر ڈوب گیا۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ بچہ کھیلتے ہوئے نالے میں گرا۔

ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان کے مطابق بارش کے پیش نظر واسا کا عملہ اور ہیوی مشینری لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، صادق آباد اور دیگر حساس مقامات پر تعینات ہے۔ فیلڈ افسران نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں مزید بارش کا امکان موجود ہے، جس کے باعث انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔