راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی خطرناک سطح تک پہنچ گیا، الرٹ جاری

راولپنڈی میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پانی خطرناک سطح تک پہنچ گیا، الرٹ جاری

اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والی مسلسل موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس پر گوالمنڈی کے مقام پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق اسلام آباد میں 52 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 55 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔بارش کے باعث نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ تک پہنچ گئی، جس کے بعد متعلقہ اداروں نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے صورتحال کی مسلسل نگرانی شروع کر دی۔واسا، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے فوری طور پر متحرک ہوگئے اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی نکالنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے۔

بعد ازاں بارش کی شدت میں کمی آنے پر نالہ لئی میں پانی کی سطح بھی کم ہونا شروع ہوگئی۔ حکام کے مطابق گوالمنڈی اور کٹاریاں کے مقامات پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ سے کم ہو کر تقریباً 8 فٹ رہ گئی ہے۔انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری طور پر نالہ لئی اور اس کے اطراف جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔