اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، فوج طلب کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی میں طغیانی، فوج طلب کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ شب سے جاری موسلا دھار بارش نے دونوں شہروں کو جل تھل کر دیا۔

 اسلام آباد میں اب تک 186 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں نالہ لئی میں خطرناک حد تک پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق گوالمنڈی پل پر پانی کی سطح 23 فٹ اور کٹاریاں میں 22 فٹ تک جا پہنچی ہے۔ خطرے کے پیش نظر سائرن بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادیوں کو انخلا کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نالوں کے قریب نہ جائیں۔ریسکیو، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے ہائی الرٹ ہو چکے ہیں۔ نالہ لئی میں بڑے ریلے کے گزرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ واسا کے ترجمان کے مطابق صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پاک فوج کو ایمرجنسی کی صورت میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے موسمی حالات کے باعث ضلع بھر میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان بھی کر دیا ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں۔نالہ لئی کی صورتحال پر ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ 15 گھنٹے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی و اسلام آباد میں 230 ملی میٹر سے زائد بارش ہو چکی ہے۔ تمام عملہ اور ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات ہے، اور نکاسی آب کے لیے اضافی مشینری بھی لگا دی گئی ہے۔

حادثات اور نقصانات:
راولپنڈی کے علاقے دھمیال روڈ پر گلشن اقبال میں ایک شخص برساتی نالے میں پھسل کر بہہ گیا۔ ریسکیو ٹیمیں تلاش میں مصروف ہیں۔آزاد کشمیر کے وادی نیلم میں بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔جہلم میں بھی شدید بارش کے بعد نالوں میں طغیانی ہے، اور فوج سے مدد طلب کر لی گئی ہے۔ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں کے قریب نہ جائیں، اور نشیبی علاقوں کے مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔