پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ریڈ بال کرکٹ کو اپنی ’’پہلی ترجیح‘‘ قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
شاہین آفریدی آج سے شروع ہونے والی پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایکشن میں نظر آئیں گے، جہاں وہ تقریباً سات سال بعد پاکستان میں اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ سے طویل فارمیٹ کی کرکٹ پسند رہی ہے، تاہم مسلسل بین الاقوامی مصروفیات کے باعث انہیں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے زیادہ مواقع نہیں مل سکے۔شاہین کے مطابق ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ وقت گزارنے سے بولر کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ لائن اور لینتھ پر بھی مزید بہتری آتی ہے۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی اسی انداز سے بولنگ کرنے کے خواہاں ہیں جس طرح ٹیسٹ کرکٹ میں کرتے رہے ہیں۔
حالیہ عرصے میں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم سے باہر رہنے والے شاہین آفریدی اب ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔شاہین حال ہی میں چیمپئنز کپ کے کامیاب ترین بولر بھی رہے، جہاں انہوں نے فائنل میں 7 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان گولڈ کو ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اب شاہین آفریدی کی نظریں پریذیڈنٹ ٹرافی میں عمدہ کارکردگی پر ہیں تاکہ ریڈ بال کرکٹ میں اپنی فارم ثابت کرکے قومی ٹیسٹ ٹیم میں دوبارہ واپسی کی راہ ہموار کرسکیں۔