مزار قائد پر گارڈ آف آنر پیش ، گورنر اور وزیراعلی سندھ کی مزارِ پر حاضری
اسلام آباد ،کراچی(بیورو رپورٹ،خصوصی رپورٹ)بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒکی برسی ملک بھر میں جمعہ 11 ستمبرکو انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، بابائے قوم کے یوم وفات پر مزار قائد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ گورنر اور وزیراعلی سندھ سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری حکام نے مزار قائد پر حا ضری دی ۔تفصیلات کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی برسی گزشتہ روز منائی گئی ، اس موقع پر سول و فوجی قومی قیادت ، سیاسی رہنمائوں اور تمام پاکستانیوں نے قائد اعظم ؒکو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ خوانی کی اوربابائے قوم کی عظیم خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر صوبائی وزرا، مشیران، معاونینِ خصوصی اور ایڈیشنل آئی جی سندھ بھی ان کے ہمراہ تھے۔واضع رہے قائداعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے ،برطانیہ سے 1896 بیرسٹری کا امتحان پاس کیا ،آپٓ کا شمار برصغیر کے ممتاز قانون دانوں میں ہوتا تھا ، 1937 میں مولانا مظہرالدین نے محمد علی جناحؒ کو قائداعظمؒکا لقب دیا۔ ان کی مدبرانہ قیادت، سیاسی اور آئینی جدوجہد کے نتیجے میں 14 اگست 1947 کو پاکستان معرض وجود میں آیا اور قیام پاکستان کے بعد قائداعظم ملک کے پہلے گورنر جنرل بنے ، آپ 11 ستمبر 1948 کو آپ وفات پاگئے۔