ڈالا کلچر ختم ہونا چاہیے، ہر بندہ اپنے گارڈ لیکر گھوم رہا ہے،مرتضی وہاب

کراچی (آئی این پی) میئر کراچی مرتضی وہاب نے صفورا چورنگی پر جامعہ کراچی کے اساتذہ پر تشدد کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر سے اب ڈالا کلچر ختم ہونا چاہیے۔مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا عوام کا مقدمہ لڑنے کے لیے لوگوں کو تکلیف میں ڈالنا درست عمل نہیں ہے، جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کرے، عوام کو تکلیف میں نہ ڈالے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں معاشی مسائل ہیں اور اس کا اثر پاکستان پر بھی آرہا ہے، ایسی شاہراہ جس پر لاکھوں لوگوں کا گزر ہوتا ہے اس کو بند کرنا ٹھیک نہیں ہے، لوگ جتنا زیادہ ٹریفک میں پھنسیں گے اتنا پیٹرول خرچ ہوگا، میں جماعت اسلامی کو کوئی اور جگہ دیتا ہو آپ احتجاج کریں، لوگوں کا حق ہے کہ ان کے مسائل حل ہوں لیکن لوگوں کو تکلیف میں ڈال کر سیاست کرنے کا حامی نہیں ہوں