تھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہیے، پولیس حقیقی معنوں میں عوام کی مدد گار بنے: گورنر پنجاب

سردارسلیم حیدر سے آئی جی پنجاب عثمان انور کی ملاقات، صوبے میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال
    لاہور (یواین پی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے پنجاب میںتھانہ کلچر کی تبدیلی پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پولیس حقیقی معنوں میں عوام کی مدد گار بنے،جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں، سموگ بارے جاری حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔آئی جی پولیس پنجاب عثمان انور نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی جس میں صوبے میں سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب میںتھانہ کلچر تبدیل ہونا چاہیے، پولیس حقیقی معنوں میں عوام کی مدد گار بنے اور جرائم کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں سموگ کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے ہدایت کی کہ سموگ کے حوالے سے حکومت کی جاری ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔