فاروق ستار نے جس لہجے میں بات کی وہ قابل افسوس ہے، انہوں نے تم کہہ کر مخاطب کیا
ہم حکومت ہیں اور آپ گورنر، لہذا اختیارات کی رکاوٹ ڈالنے کے بجائے مل کر کام کریں
کراچی(آئی این پی ) میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کراچی اب ماضی کا شہر نہیں رہا، جہاں بوری بند لاشیں، پہیہ جام اور بھتہ خوری عام تھی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 روز سے وہ کراچی کا مقدمہ وفاق کے نمائندے سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے گورنر سندھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو عوامی گورنر کہتے ہیں لیکن سڑکیں بلاک کردی جاتی ہیں اور عوام کو اذیت میں مبتلا کیا جاتا ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ فاروق ستار نے آج جس لہجے میں بات کی وہ قابل افسوس ہے، انہوں نے تم کہہ کر مخاطب کیا اور تڑی دی کہ تمہارا وقت بھی آئے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فاروق ستار کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ یہ 1988، 1990 یا 12 مئی کا کراچی نہیں ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ ہم حکومت ہیں اور آپ گورنر، لہذا اختیارات کی رکاوٹ ڈالنے کی بجائے مل کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وسیم اختر نہیں، کام کرکے دکھائیں گے۔