امریکی جریدے ’فارن افیئرز‘ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں امریکا کی بھارت پر انحصار کی پالیسی کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت کے مقابلے میں زیادہ قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔
جریدے کے مطابق بھارت کبھی بھی امریکا کا پُراعتماد ساتھی ثابت نہیں ہوا اور وہ امریکی توقعات پر پورا نہیں اترا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکا پاکستان پر اعتماد کر کے دیکھے۔تحریر میں مزید کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں اور بھارت سے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو تسلیم کر چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا اور پاکستان کے مابین تجارتی و توانائی کے معاہدے دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند قرار دیے گئے ہیں۔رپورٹ میں خاص طور پر ریکوڈک منصوبے اور پاکستان کے قدرتی وسائل میں امریکی سرمایہ کاری کو خطے کے استحکام کے لیے اہم قرار دیا گیا ہے۔
’فارن افیئرز‘ نے خبردار کیا کہ بھارت پر یکطرفہ توجہ نہ صرف خطے میں دراڑیں ڈال سکتی ہے بلکہ جنگ کے خطرے کو بھی بڑھا سکتی ہے۔ اس پالیسی کے نتیجے میں پاکستان مزید دور اور خطے میں واشنگٹن مزید کمزور ہو سکتا ہے۔مزید برآں، جریدے نے نشاندہی کی کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات پر زور دیتی ہے، جسے امریکا کے لیے ایک مثبت موقع سمجھنا چاہیے۔