لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنی قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
یہ بات انہوں نے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ دونوں فریقین نے تجارت، امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے لیے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔مریم نواز نے کہا کہ یورپی یونین نہ صرف پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے بلکہ عالمی سطح پر استحکام کی ایک مؤثر آواز بھی ہے۔ انہوں نے جی ایس پی پلس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث پاکستان کی برآمدات، خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں، نمایاں بہتری آئی ہے، اور پاکستان انسانی حقوق اور لیبر ریفارمز سمیت تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم یورپی یونین کے ساتھ زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر اور ماحولیات سے متعلق منصوبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور متحرک ہیں، اور انہیں عالمی روزگار کی منڈی سے منسلک کرنے کے لیے مختلف تربیتی کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستانی طلبہ تیسرے سال بھی Erasmus Mundus اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں سرفہرست ہیں۔آخر میں وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے پرعزم ہے۔