یورپی یونین پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار اور عالمی استحکام کی آواز ہے: مریم نواز

یورپی یونین پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار اور عالمی استحکام کی آواز ہے: مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا کی ملاقات، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔ اس دوران تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی گئی۔ دونوں فریقین نے تجارت، امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے لیے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یورپی یونین پارلیمانی وفد کی آمد دوطرفہ مضبوط، پُرامن اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یورپی یونین کو ایک قابل اعتماد دوست کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے نہ صرف پاکستان کا شراکت دار بلکہ عالمی سطح پر استحکام کی آواز سمجھتا ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے اور حکومت سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول مہیا کر رہی ہے۔ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے۔ یورپی یونین کے وفد نے پنجاب حکومت کے اختراعی اقدامات کو سراہا۔