پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کا سرگرم شراکت دار ہے: اسحاق ڈار

پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن کا سرگرم شراکت دار ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد:نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، اور پاکستان آج بھی عالمی امن کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ امن مشن وزارتی تیاری کانفرنس 2025 سے خطاب کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور جھوٹے پروپیگنڈے کا پھیلاؤ عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے بلکہ دنیا بھر میں قیامِ امن کے مشن میں ایک سرکردہ شراکت دار کے طور پر اپنی خدمات فراہم کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ایک بنیادی رکاوٹ ہے، اور اس کا پائیدار حل عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی وزارتی تیاری کانفرنس کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ فورم دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا ذریعہ بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، اور پاکستانی امن دستے دنیا کے مختلف خطوں میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔اسحاق ڈار نے کانفرنس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مشترکہ عزم اور تعاون کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ دنیا کو ایک پرامن اور محفوظ مقام بنایا جا سکے۔