قائداعظمؒ کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنائیں گے، یوسف رضاگیلانی

 ان کی زندگی عدل، دیانت، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی عملی تفسیر تھی
اصولی سیاست نے مسلمانوں کوخودمختار وطن کی نعمت سے نوازا:چیئرمین سینیٹ 
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کی 77ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج پوری قوم اپنے عظیم قائد کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کر رہی ہے۔ قائداعظمؒ کی بصیرت افروز قیادت، غیر متزلزل عزم اور اصولی سیاست نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد اور خودمختار وطن کی نعمت سے نوازا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قائداعظمؒ کی زندگی عدل، دیانت، قانون کی حکمرانی اور جمہوری اقدار کی عملی تفسیر تھی۔ اور انہوں نے  ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ہر شہری کو مذہب، رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر برابری کے حقوق اور ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج ہمیں بطور قوم یہ عہد تجدید کرنا ہوگا کہ ہم قائداعظمؒ کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنائیں گے اور اتحاد، ایمان اور قربانی کے سنہری اصولوں کو اپنا کر پاکستان کو استحکام، ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمان، جمہوری اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد ہی وہ قوت ہے جو قائداعظمؒ کے خواب کو حقیقت کا روپ دے سکتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بابائے قوم کے وژن کے مطابق پاکستان کو جدید، فلاحی اور خوشحال ریاست بنانے کی توفیق عطا فرمائے