خواتین آگے بڑھنے کی سوچ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے لیتی ہیں ‘ وہ تمام خواتین کیلئے مشعلِ راہ تھیں:سینیٹر روبینہ خالد‘تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آن لائن)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ہیڈکوارٹرز میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی تھے۔ ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک بین الاقوامی سطح کی عظیم لیڈر تھیں، جنہیں آج پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے‘بینظیر بھٹو ایک سوچ اور وژن رکھتی تھیں اور پسے ہوئے طبقات کی آواز اور طاقت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانشین تھیں اور انہوں نے ان کے عوامی وژن کو آگے بڑھایا‘ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے خطاب کرتے ہوئے کہا آج ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جو ایک عظیم لیڈر تھیں اور آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین آگے بڑھنے کی سوچ شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے لیتی ہیں اور وہ تمام خواتین کے لیے مشعلِ راہ تھیں۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ان کی آئیڈیل ہیں اور انہوں نے بی بی کی سوچ اور وژن سے بہت کچھ سیکھا۔