جلالپور پیروالا کو چاروں جانب سے سیلاب نے گھیرلیا

ملتان (آئی این پی ) پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں،ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا کو چاروں جانب سے سیلابی پانی نے گھیر لیا ہے اور شہر کو بچانے   کیلئے عوام کا ہنگامی بنیادوں پر انخلا جاری ہے ،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزرا 86 ایم بند پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب نے متاثرہ علاقوں سے انخلا  کیلئے خود اسپیکر پر اعلانات   کئے ۔جلال پور پیروالا کو بچانے کے لئے کوششیں جاری ہیں، جلال پور پیروالا کو بچانے کے  لئے گزشتہ رات اوچ شریف روڈ پر شگاف بھی ڈالا گیا تھا۔سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کا کہنا ہے جلال پور پیروالا کو بچانے کیلئے بنائے گئے عارضی بند پر پانی کا دبا ئومسلسل برقرار ہے، شہر سے تیزی سے آبادی کو نکالا جا رہا ہے۔