کیا حملہ کامیاب رہا؟ ڈونلڈ ٹرمپ کا فون پر نیتن یاہو سے استفسار‘امریکہ کے صدر نے 2بار اسرائیل کے وزیراعظم سے گفتگو کی:امریکی اخبار
قطر پر حملہ پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی آپریشن جیسا ہے‘7اکتوبر کے حملوں میں ملوث افراد کو نشانہ بنایا:یاہو کا ویڈیو بیان
واشنگٹن‘تل ابیب (آئی ای ن پی) قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد امریکی صدرٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو فون کرکے ناراضگی کا اظہار کیا۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے قطر پر حملے کا فیصلہ غیردانش مندانہ قرار دیا۔نیتن یاہو نے کہا کہ انہیں ایک موقع ملا تھا اسی لیے کارروائی کی۔اخبار کے مطابق ٹرمپ نے گزشتہ روز نیتن یاہو سے دوبار گفتگو کی، امریکی صدر نے نیتن یاہو سے پوچھا کیا حملہ کامیاب رہا؟ ۔دریں اثناء اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے قطر پر فضائی حملے کو پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے امریکی آپریشن سے تشبیہ دے دی۔ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ 11 ستمبر امریکا کے لیے سب سے المناک دن تھا، اسی طرح 7 اکتوبر کا دن یہودی عوام کے لیے بدترین المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے نائن الیون کے بعد دہشت گردوں کو ڈھونڈ کر ختم کرنے کا عزم کیا اور وہ جہاں بھی تھے، انہیں نشانہ بنایا۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے بھی اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے قطر میں ان دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جو 7 اکتوبر کے حملوں کے ذمہ دار تھے۔ ان کے مطابق قطر نہ صرف انہیں پناہ دیتا ہے بلکہ مالی اور پرتعیش سہولیات بھی فراہم کرتا ہے