جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا، اب ٹرینڈ میکر بن چکا ہے مریم نواز

نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے،ہونہار سکالر شپ پروگرام ہر مستحق طالب علم کیلئے ہے‘ آئندہ دو سال میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف ہے
 کسی خواتین پر تشدد یا اس کیساتھ بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، مریم نواز اس معاملے میں رکاوٹ بننے والوں کا راستہ اور ان کا ہاتھ بھی روکے گی
 اب جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول نہیں چلتا ‘ کچرے سے توانائی بنانے پر غور کررہے ہیں :پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں تقریب سے خطاب 
راولپنڈی(آئی این پی ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے جو پنجاب مجھے ملا تھا وہ جادو ٹونے سے چلتا تھا اور گزشتہ حکومت میں پنجاب کو موکل چلا رہے تھے،پنجاب اب تمام صوبوں میں ٹرینڈ میکر بن چکا ہے،نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہی ملک کا مستقبل ہے،ہونہار اسکالر شپ پروگرام ہر مستحق طالب علم کیلئے ہے، آئندہ دو سال میں 5 ہزار بسیں چلانے کا ہدف ہے، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔ان خیالات کااظہار وزیراعلیٰ پنجاب نے پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپنڈی میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے کہا آج پنجاب کے طول و عرض پر موجود ہر سڑک، گلی اور محلے کو پنجاب ستھرا پروگرام کے 2 لاکھ افراد چمکا رہے ہیں۔انہوں نے کہا حکومت پنجاب اب اس بات پر غور کر رہی ہے کہ جو صوبے میں روزانہ ہزاروں ٹن کوڑا اٹھایا جاتا ہے، اسے توانائی اور وسائل میں کیسے بدلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کوڑے سے بائیو گیس بنانے، اس کی ویسٹ مینجمنٹ کرنے اور مغربی ممالک کی طرح کوڑے کو وسائل میں بدلنے کے بارے میں سوچ بچار کر رہی ہے‘ آئندہ چند ماہ میں پنجاب میں نئی 3 ہزار بسسز آئیں گی جو صوبے کے ہر شہر اور تحصیل میں چلیں گی اور اگلے 2 سال میں پنجاب میں کم از کم 5 ہزار بسیں موجود ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ انہی ایک ہزار دنوں میں پنجاب میں اپنا گھر اپنی چھت اسکیم کے تحت ڈھائی لاکھ گھر تعمیر کیے گئے اور یہ ان خاندانوں کو دیے گئے جن کے اپنے گھر نہیں تھا، یہ سفر ابھی شروع ہوا ہے، ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کی تعمیر ہے۔انہوںنے کہا پنجاب میں خواتین اور طالبات کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ خواتین کو شکایات درج کرانے کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی کو بھی خواتین پر تشدد یا ان کے ساتھ بدتمیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اس معاملے میں رکاوٹ بننے والوں کا راستہ روکے گی اور ان کا ہاتھ بھی روکے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا اصول نہیں چلتا اور نہ ہی بدمعاشی اور ڈالہ کلچر کی کوئی گنجائش ہے۔ اب کسی کو امیر کو تھپڑ مارنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی قانون سے بالاتر ہوکر کسی کو من مانی کرنے دی جائے گی۔ پنجاب میں اب ڈرگ لارڈز، بھتہ خور اور قبضہ گروپ موجود نہیں، جبکہ ماضی میں سرگرم جرائم پیشہ گروہوں کو چن چن کر ختم کیا جا رہا ہے، سی سی ڈی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اوقات ختم ہونے کے بعد بھی طلبہ کے بیگز چیک کر رہی ہے تاکہ منشیات کی روک تھام کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سفارش اور پرچی کا نظام نہیں، یہاں کرپشن کی کوئی گنجائش نہیں اور بدعنوانی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبے میں صرف میرٹ اور محنت کی بنیاد پر کام ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غریبوں کو امیروں سے قرض لے کر دیے گئے ہیں۔طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ انہیں بھی وہی پیغام دیتی ہیں جو جنید کو دیتی ہیں کہ منشیات سے انکار کریں‘ وزیراعلی پنجاب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم کا اعزاز ملنے پر مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر اور افواج پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔