اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے موقع پر پاکستان کی جانب سے بورورز پلیٹ فارم کی گورننگ کونسل کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔
وزیر خزانہ نے پلیٹ فارم کو فعال بنانے کے لیے مصر کی قیادت، رکن ممالک اور سیکریٹریٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورورز پلیٹ فارم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان باہمی تجربات سے سیکھنے اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینا ہے، نہ کہ اسے اجتماعی سودے بازی کے فورم میں تبدیل کرنا۔
پاکستان کی ترجیحات کیا ہوں گی؟
محمد اورنگزیب نے 2026-27 کے عملی منصوبے کے تحت پاکستان کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے قرض کے انتظام کے طریقۂ کار کو مضبوط بنانے، اصلاحات کے تجربات کا تبادلہ کرنے اور ترقیاتی مالیات کے لیے جدید ذرائع تلاش کرنے پر زور دیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عملی اقدامات پر عمل درآمد اور قابلِ پیمائش نتائج کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔
قرض ترقی میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، وزیر خزانہ
وزیر خزانہ نے کہا کہ قرض ترقی کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ اس کی راہ میں رکاوٹ۔ ان کے مطابق بورورز پلیٹ فارم کے ذریعے ممالک کو اپنے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور قرض کے انتظام سے متعلق صلاحیتیں بہتر بنانے کے مواقع میسر آسکتے ہیں۔اختتامی کلمات میں محمد اورنگزیب نے پلیٹ فارم کی ادارہ جاتی بنیادوں، انتظامی ڈھانچے اور مشترکہ عملی پروگرام کی تشکیل میں تیز رفتار پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ممکنہ رکن ممالک کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو بھی سراہا۔