آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا، جہاں انہوں نے ایک ہی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں یکساں تعداد میں گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے برابر رنز اسکور کیے۔
تفصیلات کے مطابق مارنس لبوشین نے دونوں اننگز میں 58، 58 گیندیں کھیلیں اور ہر اننگز میں 37 رنز بنائے۔ ان کی یہ کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ کے نایاب اعداد و شمار میں شامل ہوگئی ہے۔دستیاب ریکارڈ کے مطابق، ٹیسٹ کرکٹ میں کم از کم 20 رنز بنانے اور 20 سے زائد گیندوں کا سامنا کرنے والے بیٹرز میں یہ اپنی نوعیت کا محض دوسرا واقعہ ہے کہ کسی بیٹر نے دونوں اننگز میں یکساں گیندیں کھیل کر یکساں رنز اسکور کیے ہوں۔
سید کرمانی بھی ایسا کارنامہ انجام دے چکے ہیں
اس سے قبل بھارتی وکٹ کیپر بیٹر سید کرمانی نے 1977-78 میں آسٹریلیا کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ایسا ہی منفرد کارنامہ انجام دیا تھا۔سید کرمانی نے بھی میچ کی دونوں اننگز میں یکساں تعداد میں گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے برابر رنز بنائے تھے۔ انہوں نے دونوں اننگز میں 62، 62 گیندیں کھیلیں اور 29، 29 رنز اسکور کیے تھے۔مارنس لبوشین کی یہ کارکردگی ٹیسٹ کرکٹ کے دلچسپ ریکارڈز میں ایک اور اضافہ ہے، جو اس طویل فارمیٹ میں بیٹنگ کے غیر معمولی اعداد و شمار کو نمایاں کرتی ہے۔