کراچی میں تین مبینہ دہشت گرد گرفتار، دستی بم اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد

کراچی میں تین مبینہ دہشت گرد گرفتار، دستی بم اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق دو مبینہ دہشت گردوں کو لسبیلہ چوک بس اسٹاپ کے قریب چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزمان اپنے کمانڈر سے مسلسل رابطے میں تھے اور بارودی مواد کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔دوسری کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس ادارے کی ٹیم نے اولڈ سبزی منڈی کے علاقے میں چھاپہ مار کر داد محمد عرف عادل ولد جلات خان کو گرفتار کیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ گروہ سے ہونے کا شبہ ہے، جبکہ اس کے قبضے سے ایک تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم افغانستان میں تربیت حاصل کر چکا ہے اور مبینہ طور پر اپنے کمانڈر کی ہدایت پر کراچی میں حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں تین مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔