اسلام آباد: خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے، جس میں صوبے میں ایمرجنسی کے نفاذ اور سکیورٹی سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوگا، جس میں اہم وفاقی وزراء اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ کے حکام خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ اس تناظر میں وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ وفاقی کابینہ کا اجلاس جلد طلب کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں بعض اہم اختیارات وفاق کے استعمال میں دینے کی تجویز بھی زیر بحث ہے۔
اطلاعات کے مطابق ممکنہ فیصلوں کے لیے آئین کے آرٹیکلز 232 سے 234 تک کی روشنی میں مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کا معاملہ بھی زیر غور آسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اداروں کی رپورٹس کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ تاہم خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق تاحال کسی حتمی فیصلے کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔