پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون، 24 گھنٹوں میں 28 گرفتار

شاہدرہ ٹائون سے 13 ملزمان گرفتار، پولیس نے پتنگیں اور ڈور بھی برآمد،آگاہی مہم جاری
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر لاہور سٹی پولیس نے پتنگ بازی کے خلاف خصوصی کریک ڈائون کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران 28 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کی۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق اسلام پورہ، انارکلی اور بھاٹی گیٹ سے چار، شاہدرہ سے چار جبکہ شاہدرہ ٹائون سے 13 ملزمان کو پتنگ بازی کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح رنگ محل سے دو، موچی گیٹ سے ایک جبکہ شفیق آباد، شاد باغ اور بادامی باغ سے مجموعی طور پر چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے بتایا کہ پتنگ بازی کی روک تھام کے لیے مساجد میں اعلانات کے ذریعے شہریوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کی متحرک ٹیمیں بلند عمارتوں سے بھی نگرانی کر رہی ہیں۔