ائیر پورٹ کے اطراف پتنگ بازی پر پابندی
شہر میں 2 ہزار 276 مجاز سیل پوائنٹس قائم،ایک تاوا گڈا 400روپے ،ڈیڑھ تاوا 700روپے تک فروخت، نادرا آباد، گلشن علی کالونی، نشاط کالونی،بھٹہ چوک ،ڈی ایچ اے کے بلاکس آر، ایس، پی اینڈ کیو میں پتنگ اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی
لاہور(کرائم رپورٹر )لاہور میں بسنت فیسٹیول کی 25 سال بعد واپسی، 6، 7 اور 8 فروری کو بسنت منانے کی تیاریاں عروج پر ،انتظامیہ کی جانب سے شہر میں 2 ہزار 276 مجاز سیل پوائنٹس قائم ،دوسری طرف پتنگ اور ڈور کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،ایک تاوا گڈا 300سے400روپے ،ڈیڑھ تاوا 550سے700روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں بسنت فیسٹیول کے موقع پر شہریوں کو مفت ٹرانسپورٹ سروس دینے کی تیاریاں جاری ہیں اورجامعات کی بسوں پر بسنت فیسٹیول کے خصوصی لوگو آویزاں کر دیئے گئے ہیں جبکہ شہری کی مختلف شاہراہیں سجا دی گئیں،لبرٹی میں دبئی فریم کی طرز پر تیار خوبصورت فریم سیاحوں کیلئے نیا اور مقبول فوٹو پوائنٹ بن چکا ،سرخ، پیلے، میرون اور دیگر شوخ رنگوں کے بہاری ماڈلز نے پوری لبرٹی مارکیٹ کو جگمگا دیاجبکہ شہر کے روایتی بازاروں خصوصاً موچی گیٹ میں پتنگ، ڈور اور گڈوں کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے اور دکانوں پر شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ کمشنر لاہور مریم خان کے مطابق شہر میں پتنگ اور ڈور کی فروخت کیلئے مجموعی طور پر 2 ہزار 276 مجاز سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں،ہر سیل پوائنٹ پر پتنگ بازی کا سامان کیو آر کوڈ اور این او سی کے تحت فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانداروں نے من مانی قیمتیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں ، سروے کے مطابق ایک تاوا گڈے کی قیمت300سے400،ڈیڑھ تاوے کی قیمت550سے700روپے تک پہنچ گئی ،دو پیس ڈور کا پنا 12ہزار سے بڑھ کر 15 ہزار روپے تک پہنچ چکا ۔ دکانداروں کا موقف ہے کہ سپلائی کم ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے، جس سے قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ دریں اثناء محکمہ داخلہ پنجاب نے ایئرپورٹس کے اطراف کے علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ فضائی آپریشن بلا تعطل جاری رہ سکے ،لاہور میں بسنت پر ایئر پورٹ سے ملحقہ علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ لاہور سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایئر پورٹ کے اطراف طیاروں کے ٹیک آف اور لیڈنگ والے علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نادرا آباد، گلشن علی کالونی، نشاط کالونی اور بھٹہ چوک کے علاقوں میں پتنگ بازی پر پابندی ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی ایچ اے کے بلاکس آر، ایس، پی اینڈ کیو میں بھی پتنگ بازی پر پابندی ہوگی۔ الفیصل ٹاؤن، جوڑے پْل، تاجپورہ اور تاجپورہ سے ملحقہ کینال روڈ پر بھی پتنگ بازی ممنوع ہوگیمحکمہ صحت کے مطابق بسنت کے پیش نظر شہر کے 13 ہسپتال 6 سے 8 فروری تک ہائی الرٹ رہیں گے۔ علاوہ ازیں پنجاب کابینہ نے لاہور کے ساتھ مزید 4اضلاع فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں قابلِ اجازت پتنگ سازی مواد بنانے کی اجازت دیدی ہے۔دوسری طرف کیمیکل ڈور اور غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈائون کے دوران پنجاب پولیس نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں 333 مقدمات درج کرکے 340 ملزموں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 19 ہزار 324 غیر منظور شدہ پتنگیں ، 612 ڈور چرخیاں برآمد کر لیں،لاہور سے 167 ملزم پکڑے گئے اور 2 ہزار سے زائد پتنگیں اور 451 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں ۔ شادمان اور گلبرگ سے 3 پتنگ فروش شفقت، اویس اور رومان سے درجنوں پتنگیں، گڈی پیپر اور دیگر سامان برآمد ہوا،ڈولفن سکواڈ نے 48 پتنگ بازوں سمیت 78 ملزموں کو پکڑا۔ علاوہ ازیں ساہیوال میں 12 ملزموں کو گرفتا ر کرکے پتنگیں اورڈور برآمد کی گئیں، راولپنڈی سے 10 پتنگ سپلائر گرفتار ، 1600 سے زائد پتنگیں اور 24 ڈوریں برآمد ہوئیں۔ ملتان میں 4 ملزم گرفتار کرکے بھاری تعداد میں پتنگیں اورڈوریں برآمدکی گئیں۔گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں ملز م عمر کو گرفتار کر کے قبضہ سے 422عدد پتنگیں ، 8 عدد بڑی گو ٹیں اور 5 عدد چھو ٹی گو ٹ تیز دھا رما نجھے والی ڈوربرآمد کی گئی۔ سرگودھا میں 38 مقدمات درج کر کے 2ہزار664 پتنگیں قبضے میں لے کر ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔