لاہور: شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ میں پولیس نے پتنگوں کی غیر قانونی خرید و فروخت اور سپلائی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کی 4100 تیار پتنگیں اور ممنوعہ ڈور کی 102 چرخیاں برآمد کرلیں۔ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق چوکی یوسف شہید بیگم کوٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان عمران اور خضر کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں تیار پتنگیں اور ممنوعہ ڈور برآمد کرکے انہیں تحویل میں لے لیا۔ایس پی سٹی کے مطابق گرفتار ملزمان پابندی کے باوجود پتنگوں کی خرید و فروخت اور سپلائی کا کاروبار جاری رکھے ہوئے تھے۔ ملزمان پتنگوں کی ترسیل کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ اور توڑوں کا استعمال کرتے تھے تاکہ پتنگیں مختلف مقامات تک پہنچائی جاسکیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے لیے ممنوعہ ڈور کا استعمال شہریوں، موٹر سائیکل سواروں اور راہ گیروں کی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔ اسی لیے پتنگوں کی غیر قانونی تیاری، خرید و فروخت اور ترسیل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق پتنگ بازی پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔