راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستانی ڈیبیو بولر ثاقب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرلیں اور مہمان ٹیم کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔
سری لنکا نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے اور اسے پاکستان کے خلاف 12 رنز کی معمولی برتری حاصل ہوئی۔راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 404 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے دباؤ بڑھا دیا۔ دن کے پہلے ہی اوور میں ثاقب خان نے گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ بلے باز دھننجیا ڈی سلوا کو مزید کوئی رن بنائے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ انہوں نے 167 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔دھننجیا ڈی سلوا نے کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی، جس کی بدولت سری لنکن ٹیم مضبوط پوزیشن میں آگئی تھی۔تیسرے روز کے اختتام پر 117 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہنے والے کوشال مینڈس بھی چوتھے روز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد ثاقب خان نے اپنی تباہ کن بولنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سونل دینوشا کو 20، لاہیرو کمارا کو صفر اور اسیتھا فرنانڈو کو 4 رنز پر آؤٹ کیا۔ یوں انہوں نے ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
ثاقب خان ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں 7 وکٹیں لینے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔ ان سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔سری لنکن ٹیم چوتھے روز اپنے گزشتہ مجموعی اسکور میں صرف 42 رنز کا اضافہ کرسکی اور اس کی باقی 6 وکٹیں گر گئیں۔ مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 446 رنز بنائے اور پاکستان کے خلاف 12 رنز کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے ثاقب خان نے 7، محمد عباس نے 2 جبکہ رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سعود شکیل 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ طیب عارف نے 57، عرفات منہاس نے 52، محمد طحہٰ نے 51 اور کپتان بابر اعظم نے 50 رنز کی نصف سنچریاں اسکور کیں۔